لاہور(لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب شاہد زمان نے سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر صوبہ بھر میں اپنے زیرانتظام سفاری پارکس فاریسٹ پارکس میں جہاں کہیں بھی کشتی رانی کی سہو لت دستیاب ہے۔
سٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجرز ( ایس او پیز)جاری کردئیے ہیں. اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں نقائص سے پاک حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے ۔ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو لائف جیکٹ کے بغیر کشتی میں سوار ہونے کی اجازت نہ ہوگی اوردس سال سے کم عمر بچوں کیلئے کشتی رانی کی سہولت قطعاً ممنوع ہوگی۔
کشتی رانی کے ایریا میں حفاظتی ہدایات اور ریٹ لسٹ ٹکٹ کی قیمت نمایا ں طور پر آویزاں ہو گی۔ کشتی میں گنجائش سے زائد افراد سوار نہیں ہوں گے۔ کشتی کی فٹنس بہرصورت یقینی بنائی جائے ۔ موٹر بوٹس کی تیز رفتاری سے ہر صورت گریز کرنا ہوگااور ہنگامی صورتحال میں غوطہ خور اس مقام پر دستیاب ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے زیر انتظام سفاری زورائے ونڈ لاہور میں کشتی رانی کی سہولت موجود ہے جہاں سفاری پارک انتظامیہ سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کی ہدایت پر مکمل عمل درآمد یقینی بنارہی ہے نیز سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولیات مہیا کرنے کیلئے دستیاب وسائل کو بھر پور اندازسے بروئے کار لارہی ہے اور اسی سپرٹ ہی کے پیش نظر سفاری زو جھیل میں سیاحوں کیلئے فش اینگلنگ کا اضافہ کیاگیا ہے ۔