جاوید قصوری

حکومتی کی بے حسی اور مہنگائی کے خلاف دھرنا 4مارچ کو ہوگا ، جاوید قصوری

لاہور(لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کے حالات دن بدن بد تر ہوتے چلے جارہے ہیں۔ ان پر قابو پانا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نظر نہیں آتی۔

عوام پریشان حال ہیں جبکہ نام نہاد اپوزیشن صرف اپنے مفادات کی بات کررہی ہے۔ ہر محاذپر حکومت نے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ سینکڑوں پاکستانی یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں مگر مجال ہے کہ کسی کے کان پر جوں تک رینگی ہو۔ حکومت ان کو فوری پاکستان واپس لانے کا بندوبست کرے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے ، پی آئی اے ، سٹیل مل سمیت تمام ادارے تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ فنڈ کی کمی کی وجہ سے تین ہزا ر کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی مرمت نہ ہونے کے باعث 2018سے2021تک ساڑھے چار سو ریلوے حادثات رونما ہوچکے ہیں۔

جن میں تین سو کے قریب قیمتی جانیں چلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے پاکستان کو عملاً مسائلستان بنا دیا ہے۔ کوئی ایک بھی شخص حکومت کی کارکردگی سے خوش نہیں دکھائی دیتا ۔ جماعت اسلامی حکمرانوں کی بے حسی اور ظالمانہ مہنگائی کے خلاف پنجاب سمیت ملک بھر میں دھرنے دے رہی ہے۔

وسطی پنجاب کا اگلا دھرنا 4مارچ کو ساہیوال میں ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ساڑھے تین برس ملک و قوم کے لیے کسی ڈرائونے خواب سے کم نہیں ۔ پاکستانی عوام اب ظالم اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔