جاوید شیخ

فلم کو صنعت کا درجہ دینے کےلئے اعلانات کافی نہیں ،عملی اقدامات کی ضرورت، جاوید شیخ

لاہور( لاہورنامہ) سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ فلم کو صنعت کا درجہ دینے کیلئے صرف اعلانات کافی نہیں بلکہ عملی اقداما ت بھی نا گزیر ہیں،اس کے لئے جامع اور موثر پالیسی بنائی جائے اور پھر سب کو اس پالیسی پر پہرہ دینا ہوگا ۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے لئے ایسی پالیسی تشکیل پانی چاہیے تاکہ ملک میں جوبھی حکومتیں آئیں سیاست اس پالیسی پر اثر انداز نہ ہو ،کامیاب ممالک کو دیکھتے ہوئے اپنی ثقافت میں رہتے ہوئے ان کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے ۔

پالیسی کی کامیابی کےلئے شوبز انڈسٹری کے سنجیدہ اور سینئر لوگوں سے مشاورت کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ فلم فنانس فنڈ، نیشنل فلم اکیڈمی ، فلم اسٹوڈیوز کا قیام ، فلم ڈائریکٹوریٹ اور پبلی کیشن کی بحالی ، فلم بینی کے آلات کی درآمد ، فلم سنسر فیس اور سیلز ٹیکس میں چھوٹ اور قومی تہواروں پر صرف پاکستانی فلموں کی نمائش جیسے اقدامات پالیسی کا حصہ ہونے چاہئیں۔