احسن اقبال

تحریک عدم اعتماد پاکستان کو بچانے کی تحریک ہے، احسن اقبال

اسلام آباد (لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کسی سیاسی تبدیلی کی تحریک نہیں ، یہ پاکستان کے عوام کی تحریک ہے، تحریک عدم اعتماد پاکستان کو بچانے کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس حکومت نے پاکستان کا جو انجام کردیا ہے، پاکستان کا جو حشر کردیا ہے وہ افسوسناک ہے، اگر یہ حکومت فوری طورپر ختم نہ کی گئی تو ملک ایسے دلدل میں دھنس جائیگا جس سے نکلنا بہت زیادہ مشکل ہوجائے گا، اس لیے ملک کو بچانے کیلئے، آئین اور عوام کے تحفظ کے لیے اس حکومت کے خاتمے کیلئے متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان میں بد ترین مہنگائی اور غربت عوام پر مسلط کی گئی، پاکستان کے نوجوانوں کو بے روز گار کیا گیا، کیا یہ پاکستان کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کو مضبوط، توانا اور پھلتی پھولتی معیشت ورثے میں ملی تھی، 4 سال قبل پاکستان زراعت میں خود کفیل تھا ،موجودہ حکومت میں پاکستان کے عوام نے گندم کا بحران بھی دیکھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو پاکستان کی سلامتی و خود مختاری، اس کی ترقی و خوشحالی کے خلاف عمران خان نیازی سے بہتر اورموثر کوئی ہتھیار نہیں مل سکتا، عمران خان نے ملک کو جو نقصان پنچایا ہے وہ پاکستان کے دشمن اربوں روپے لگا کر بھی نہیں پہنچا سکتے تھے۔

احسن اقبال نے کہاکہ عمران خان نیازی کے دور حکومت میں پاکستان کی خودمختاری پر حملے کیے گئے جبکہ ایسے بتایا جا رہا ہے جیسے عمران خان کنگ کانگ ہے جو پاکستان کی جنگ لڑ رہا ہے اور دنیا اس کی مخالف ہوگئی ہے، اس بد ترین کارکردگی پر یہ حکومت خود کو چمپئن بنا کر پیش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں 20 ہزار ارب کے قرضے لیے جا چکے ہیں اور حاصل کیے گئے تمام قرضے خسارہ پورا کرنے میں جھونک دیے گئے ہیں، پاکستان کو قرضوں کے جال میں پھنسادیا گیا ہے اور اب فوری طور پر یہ حکومت نہیں گئی تو پاکستان دلدل میں دھنس جائیگا۔