پیٹرول کی قیمت

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، شہریوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹینک فل کرانے کی کوشش

لاہور( لاہورنامہ)پیٹرولیم کی قیمتوں میں 30روپے فی لیٹر اضافے کے اعلان پر نفاذ سے قبل شہریوں کی بڑی تعداد نے پیٹرول پمپوں کا رخ کرلیا ، شہری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹینک فل کرانے کی کوشش میں نظر آئے.

تاہم پیٹرول پمپوں کے عملے نے مقررہ حد سے زیادہ پیٹرول دینے سے انکار کر دیا ، کئی پیٹرول پمپوں نے سرے سے فروخت ہی بند رکھی ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 30روپے فی لیٹر اضافے کے اعلان اوررات بارہ بجے اطلاق کی خبر سنتے ہی شہریوں کی بڑی تعداد پیٹرول پمپوں پر امڈ آئی جس سے غیر معمولی رش لگ گیا ۔

گاڑی اورموٹرسائیکل مالکان نئی قیمت کے اطلاق سے قبل ٹینک فل کرانے کیلئے پیسے ہاتھ میں پکڑے کرقطاروں میں انتظار کرتے رہے تاہم کئی پیٹرول پمپوں کے عملے نے ایک مقررہ حد سے زیادہ پیٹرول دینے سے انکار کردیا ۔ مفتاح اسماعیل کے اعلان کے بعدکئی پیٹرول پمپوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت بھی بند کر دی ۔