لاہور (لاہورنامہ) سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کا ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب ملک ثناء اللہ خان کی قیادت میں صوبہ بھر میں غیرقانونی شکاریوں کیخلاف آپریشن بلاامتیاز جاری وساری ہے .
جس کے نتیجے میں فیلڈ سٹاف کے مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران سولہ افراد کیخلاف وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پرقانونی کارروائی عمل میں لاکر دس افراد کو مجموعی طورپر پچانوے ہزار روپے جرمانہ جبکہ بقیہ ماندہ کیخلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور ریجن رائے زاہد علی کی رپورٹ کے مطابق قلعہ دراوڑ کے نزدیک مامو والی کے علاقہ میں ایک شکاری کی گاڑی جس کا غیرقانونی شکار میں مصروف ہونے پر تعاقب کیاگیا جس پر شکاری نے تعاقب کرنیوالی گاڑی پر سیدھا فائر کھول دیا .
تاہم گاڑی پنکچر ہونے کی بدولت ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔سٹاف نے ایک شکاری کو شناخت کرلیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تھانہ دراوڑ میں ابتدائی اطلاعاتی رپورٹ درج کرادی گئی ہے جس پر قانونی کارروائی شروع ہے ۔اسی طرح ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی ریجن عارفہ بتول کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف راولپنڈی رضوانہ امتیاز کے ہمراہ ایک مشترکہ ناکہ کے دوران قبضہ لائسنس تیتر کی چیکنگ میں چھ چالانات مرتب کرکے ملزمان کو مبلغ ساٹھ ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیاگیا.
جبکہ ایک دوسری کارروائی میں راجہ بازار سے سانڈوں کا تیل فروخت کرنیوالے چار ملزمان کومال مقدمہ سمیت گرفتار کرکے کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر انہیں مبلغ پینتیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ۔ یاد رہے کہ موخر الذکر راولپنڈی ریجن کی دونوں کارروائیوں کے دوران محکمہ کے نئے بھرتی وائلڈلائف انسپکٹرز اور وائلڈلائف واچرز کو ان چھاپوں کے دوران فیلڈ ٹریننگ کی غرض سے ساتھ رکھا گیا ۔