بیجنگ (لاہورنامہ) چائنا ارتھ کوئیک نیٹ ورکس نے باضابطہ طور پر مطلع کیا ہے کہ چین کے جنوب مغربی صوبے ، سی چھوان کے شہر یاآن کی لو شان کاونٹی میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا جس کی گہرائی 17 کلو میٹر تھی، اس کے باعث 4 افراد ہلاک جب کہ 14 زخمی ہوئے ہیں ۔
زلزلے سے لوشان اور باؤ شینگ کاؤنٹی کی کچھ بستیاں متاثر ہوئیں۔ زلزلے کے باعث اب تک کی اطلاعات کے مطابق ،باو شینگ کاونٹی میں 4 افراد ہلاک جب کہ 14 زخمی ہوئے ہیں ۔ زخمیوں کو شہر اور کاؤنٹی کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
زلزلے سے متاثرہ کاونٹیز کے کچھ حصوں میں مواصلاتی نظام متاثر ہوا جس کی ہنگامی طور پر مرمت کی گئی اور تمام ٹرنک آپٹیکل کیبلز کو بحال کر دیا گیا ہے جب کہ دیگر متاثرہ آپٹیکل کیبلز کی بحالی کا کام جاری ہے۔
یا آن شہر کے ارتھ کوئیک ریلیف ہیڈ کوارٹر نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو تلاش کر کے ان کو محفوظ مقام تک پہنچانے، زخمیوں کے علاج ، سڑکوں پر سے رکاوٹوں کو دور کرنے اور لوگوں کی منتقلی اور آباد کاری کے لیے ۴۵۰۰ ایمرجنسی ریسکیو، مسلح پولیس، فائربریگیڈ، میڈیکل ، پبلک سیکورٹی ،ملیشیا اور دیگر ریسکیو فورسز کو متحرک کیا ہے۔