لاہور(لاہورنامہ) سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف کا اجلاس کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ایس پی اے وی ایل ایس آفتاب پھلرواں،تمام ڈویژنل انچارجز اینٹی موٹر سائیکل اور وہیکلز لفٹنگ سٹاف اور متعلقہ پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے موٹر وہیکلز چوری کی وارداتوں اور ریکوری پوزیشن کا جائزہ لیا۔ایس پی اے وی ایل ایس آفتاب پھلرواں نے سی سی پی او لاہورکو یونٹ کی مجموعی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے اے وی ایل ایس افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او بلال صیدیق کمیانہ نے کہا کہ موٹر سائیکل غریب طبقہ کی سواری ہے لہٰذا اس کی چوری کی وارداتوں کا فوری تدارک کرنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چورگینگز پکڑیں اور موٹر سائیکل و گاڑی چور ریکارڈ یافتہ مجرموں کا محاسبہ کریں۔
سی سی پی او لاہور نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری کے بین الصوبائی اور بین الاضلاعی گینگز تک رسائی کے لئے متعلقہ پولیس حکام سے رابطے میں ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل چوری کی کرائم پاکٹس پر سادہ لباس میں نفری تعینات کریں۔پر ہجوم مارکیٹوں اور کمرشل زونز میں موٹر سائیکل چوری روکنے کے لئے ویجیلنس و مانیٹرنگ موثر بنائیں۔
مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر وہیکل چوری کی روک تھام اور محفوظ پارکنگ کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے مزید کہا کہ عادی موٹر سائیکل چوروں کو پکڑنے کیلئے ڈکائے آپریشن کئے جائیں۔