اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمت میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ اضافہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے بجلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں 26 جولائی سے 3روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوگا.
اگست سے 3روپے 50 پیسے اور اکتوبر میں 91 پیسے کا اضافہ ہوگا ،نومبر سے توانائی کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی اور دسمبر تک بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے تک ہو جائیگا، اگلے چند ماہ مشکل ہیں غریب ترین صارفین کو تحفظ دیا گیا ہے، غریب ترین شہریوں کے لیے ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا،ایک سے 50 یونٹ، پھر ایک سے 100 یونٹ اور 200 یونٹ تک اضافہ نہیں ہوگا۔
وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہاکہ ملک کے برآمدی شعبے کو خطے کے ممالک کے مساوی بجلی و گیس ٹیرف دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں توانائی کا بحران ہے ، کابینہ نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ غریب طبقے کیلئے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے ، جولائی میں بارشوں سے پن بجلی کی پیداوار ہوا ہے ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ 26 جولائی سے بجلی ٹیرف میں ساڑھے تین روپے فی یونٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے ، جون میں اوسط ٹیرف 21 روپے 50 پیسے فی یونٹ تھا ۔خرم دستگیر خان نے کہاکہ دسمبر تک یہ ٹیرف 24 روپے 50 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا ، دسمبر کے بعد امید ہے کہ بجلی ٹیرف میں کمی ہو گی ۔وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے کہاکہ سب کو مشکل کا سامنا ہے ، ہماری کارکردگی کے اثرات تین چار ماہ میں سامنے آئیں گے ،تین چار ماہ بعد بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی.
بجلی کی پیداواری قیمت پر کچھ عرصہ نظر ثانی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے ری بیسنگ نہیں کی اور فیول ایڈجسٹمنٹ سے کام چلایا ، سابق حکومت نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ سے کام چلایا ، بنیادی ٹیرف میں اضافہ سے یہ ختم ہو جائیں گی ،یہ کام 2021 میں ہو جانا چاہیے تھا ۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں 27 ملین کنکشنز ہیں جن میں سے 13 ملین کنکشنز پر کوئی اثر نہیں آئے گا ،ہمارے اقدامات سے اکتوبر نومبر سے بجلی ٹیرف میں کمی آئے گی ۔ وزیرتوانائی خرم دستگیر خان نے کہاکہ بجلی کے واجبات 3 ہزار ارب روپے ہو گئے ہیں ،کم لاگت کے شنگھائی کول پروجیکٹ ، گدو پاور پروجیکٹ ، تریمو پاور پروجیکٹ اور کروٹ پاور پروجیکٹ کو مکمل کیا جارہا ہے.
مہنگے پاور پلانٹس کی جگہ سستے پاور پلانٹس کو چلائے جا رہی ہیں ،لائن لاسز کم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ وزیر نے کہاکہ سرکاری کمپنیوں میں دوست ممالک کی حکومتی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلئے نیا قانون بنایا جا رہا ہے ،اس قانون سے تیز رفتار سرمایہ کاری حاصل کی جائے گی ،یہ قانون مکمل شفاف طریقے سے سرمایہ کاری حاصل کرے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمت کم کرنے کیلئے مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ،نیوکلیئر ، شمسی ، پن بجلی ، کوئلے اور ہوا سے بجلی والے نئے منصوبوں کو شروع کیا جائیگا.