محرم الحرام

سی سی پی او لاہور کی زیرصدارت محرم الحرام کے جلوسوں کے منتظمین کا اجلاس

لاہور (لاہورنامہ) سی سی پی او لاہور ڈی آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں کے منتظمین، لائسنس ہولڈرز کا اجلاس آج ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں منعقد ہوا۔

ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری،ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس پی سکیورٹی راشد ہدایت،ایس پی ہیڈکوارٹرز،ایس پیز اور متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔محرم الحرام کے لائسنسی و غیر لائسنسی عزاداری جلوسوں،امام بارگاہوں کے منتظمین و متولیوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آغا شاہ حسین قزلباش،سید مشتاق جعفری،آغا عباس،سید تاثیر شاہ، ملک شوکت،ملک امیر مختار، سید توقیر شاہ،آغا بچہ،اسلام شاہ،سید ہاشم رضا،ملک قاسم علی،سید جعفر علی کاظمی،سید منصور رضا،لال شاہ و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کا فروغ،امن و امان اور قومی یک جہتی کی فضا کا قیام لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مکاتب فکر،علما و مشائخ،کمیونٹی لیڈرز اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے محرم الحرام پرامن بنائیں گے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام عزاداری جلوسوں اور شرکا کو بھرپور سیکورٹی فراہم کریں گے اور پہلے سے زیادہ سخت سکیورٹی اقدامات عمل میں لائیں گے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ محرم الحرام میں شہر بھر میں 650 سے زائد عزاداری جلوس برامد ہونگے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مجالس، عزاداری جلوسوں کے روٹ،اوقات کار،لاوڈ سپیکر ایکٹ کی پابندی پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

منتظمین امام بارگاہوں اور لائسنس ہولڈرز نےعزاداری جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے سی سی پی او لاہور کو تجاویز اور گذارشات پیش کیں۔سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ محرم سے متعلقہ تمام ٹربل پوائنٹس پر حل طلب امور باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم سے قبل از وقت ہی طے کر لئے جائیں۔پولیس افسران ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عزاداری جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات اورگڈز سامان کی نقل و حمل کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

منتظمین عزاداری جلوس و مجالس، متولیوں اور لائسنس ہولڈرز نے سی سی پی او لاہورکو محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اجلاس کے آخر میں امن و استحکام ،ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔