الخدمت فاؤنڈیشن

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت سلائی کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سلائی مشینیں تقسیم

لاہور(لاہورنامہ)الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام سالانہ و ششماہی سلائی کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سلائی مشینیں اور ڈپلومہ سرٹیفکیٹس تقسیم کر دیئے گئے –

تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد زیر صدارت مینجرالخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ لاہور کمیونٹی سروسز افشاں طاہر ہوا۔ جبکہ مہمان خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن خواتین ونگ ٹرسٹ کی پروگرام مینجرزرافشاں فرحین نے کہا کہ طالبات کو الخدمت ادارہ سے ہنر مندی کے ساتھ دین کی سمجھ حاصل کرنے کاموقع بھی ملتا ہے-

انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن سے سلائی و کڑھائی سمیت دیگر شعبوں میں ہنرو تعلیم حاصل کر کے سینکڑوں خواتین باعزت روزی کما کر اپنی فیملیوں کی کفالت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں – پی پی ناظمہ سلمیٰ وقاص نے شہادت امام حسین پر لیکچر دیا اور کہا کہ نواسہئ رسولﷺ نے کربلا کے میدان میں جس ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا اور اپنے تمام ساتھیوں کی شہادت کا نذرانہ دے کر اپنے ناناﷺ کے دین کو سربلند کیااسے تا قیامت یاد رکھا جائے گا-

انہوں نے کہا کہ یہاں طالبات کو صرف سلائی ودیگر کورسز ہی نہیں کرائے جائے بلکہ قرآن کے فہم کو بڑھانے کا بہترین موقع ملتا ہے- مینجر کمیونٹی سروسز افشاں طاہر نے کہا کہ الخدمت کا مقصد طالبات کو ہنرمند بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں باشعور زندگی گزارنے کا طریقہ سکھانا بھی ہے -اس موقع پر کورس مکمل کرنے والی طالبات کو اسناد اور سلائی مشینیں تقسیم اور طالبات کی بنائی ہوئی ہینڈی کرافٹ کی نمائش بھی کی گئی جبکہ اساتذہ کو بھی مختلف تحائف سے نوازا گیا-