لاہور (لاہورنامہ)صوبائی وزیر برائے ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب میاں اسلم اقبال نے لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل سی بی ڈی ڈی اے) اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (رودا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران امین سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے پہلے بزنس ڈسٹرکٹ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) اور راوی ریور فرنٹ پروجیکٹ کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری ہاوسنگ پنجاب جناب شکیل احمد، ایل سی بی ڈی ڈی اے اور (رودا) کے سی او او بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ، ایل سی بی ڈی ڈی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمرشل جناب محمدعمر، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کمرشل رودا جناب کاشف قریشی بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔
ایل سی بی ڈی ڈی اے اور (رودا) کے سی ای او نے جاری اور سابقہ سرگرمیوں کے بارے میں بتایا ۔عمران امین نے یہ بھی بتایا کہ سی بی ڈی پنجاب اور (رودا) نے پنجاب کی ترقی کے لیے حیرت انگیز کام کیا ہے۔ وزیر ہاوسنگ کو دونوں اتھارٹیز کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جو صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
صوبائی وزیر نے ترقیاتی کاموں کی رفتار کو سراہتے ہوئے منصوبوں کی تکمیل کے لیے حکومت پنجاب کے بھرپور تعاون کو یقینی بنا نے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صوبے کی ترقی میں سی بی ڈی پنجاب اور (رودا) کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں۔ پبلک سیکٹر کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔
پنجاب حکومت نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف یقینی بنایا جائے۔ پنجاب میں جاری منصوبوں کی نگرانی کا طریقہ کار اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔