لاہور( لاہورنامہ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ہاوسنگ ڈیپارٹمنٹ میں بریفنگ اجلاس منعقد ہوا جس میں آب پاک اتھارٹی کی کارکردگی، ایکٹ میں ترمیم اور اتھارٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
سی ای او آب پاک اتھارٹی سید محمدزاہدنے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں عرصے سے تعطل کے شکار مراکزآب کو تیزی سے فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایک ہزار مراکز آب 60دن میں چالو کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔
صوبائی وزیر ہاسنگ میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے اور حکومت یہ حق اسے دے گی۔کھارے پانی کو قابل استعمال بناکرشہریوں کو فراہم کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، قصور اور ڈی جی خان میں ٹریٹ ایبل واٹر کو قابل استعمال بنانے کیلئے پروگرام شروع کیا جائے گا۔
تین مراحل میں اس پروگرام کو پورے پنجاب تک پھیلایا جائے گا۔صوبائی وزیر نے ٹریٹ ایبل واٹر کو قابل استعمال بنانے کیلئے روڈ میپ طلب کرلیا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کے لئے خراب پائپ لائنوں کو بھی بدلنے کی ضرورت ہے۔سیکرٹری ہاسنگ شکیل احمد، ایم ڈی واسا غفران احمد، سی ای او آب پاک اتھارٹی سیدمحمد زاہد اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔