غلام محمود ڈوگر

اسلحہ کی نمائش اور بدمعاش مافیا کی صوبہ بھر میں کوئی گنجائش نہیں،غلام محمود ڈوگر

لاہور(لاہورنامہ)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور ڈبل کیبن گاڑیوں پر پروٹوکول کلچر کے ذریعے شریف شہریوں کو ہراساں کرنے والے غنڈوں اور بدمعاش مافیا کی صوبائی دارلحکومت میں ہرگز گنجائش نہیں۔

لاہور پولیس وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں تیزی لائی ہے۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس خفیہ اداروں اور انٹیلی جنس بیسڈ اطلاعات کی بنیاد پر شہر میں موجود بدمعاشوں اور ڈبل کیبن گاڑیوں میں گن مین لے کر گھومنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر رہی ہے۔

قانون کے مطابق ریکارڈ یافتہ غنڈوں اور بدمعاشوں کو ایک بار پھر تھانوں میں حاضریاں لگوانے کا پابند کیا جائے گا۔لاہور پولیس کا ناجائز اسلحہ اور منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن باقاعدگی سے جاری ہے۔رواں ماہ اب تک ناجائز اسلحہ رکھنے اور نمائش پر 346 ملزمان گرفتار کرکے متعلقہ پولیس سٹیشنز میں مقدمات درج کر لئے گئے۔

ملزمان کے قبضے سے 29رائفلز اورگنز،01 کلاشنکوف،295 پسٹلز اور ریوالور، ہزاروں کی تعداد میں گولیاں برامد کی گئیں۔ اسی طرح منشیات کے گھناؤنے دھندے میں ملوث 443 منشیات فروش گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 183کلو گرام سے زائد چرس،ایک کلو ہیروئن اور 7362لٹر شراب برامد کر لی گئی۔ سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ناجائز اسلحہ کے خلاف ایکشن میں خاطر خواہ تیزی لائی گئی ہے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت آرمز ترمیمی آرڈیننس کے تحت 346 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ڈبل کیبن گاڑیوں پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے بدمعاش مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔