مسرت جمشیدچیمہ

سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مسرت جمشیدچیمہ

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کے دکھوں کا مداوا کیا جائے گا .

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے تحریک انصاف کی حکومت نے جو منصوبے شروع کئے امپورٹڈ حکومت نے ان پر ایک انچ بھی پیشرفت نہیں کی ،عوام عام انتخابات کے انعقاد کے لئے بیتاب ہیں اور پی ڈی ایم ٹولے کی سیاست ہمیشہ کیلئے سمندر برد ہو جائے گی ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ لوٹ مار ایسوسی ایشن اور ان کے سہولت کار وںنے عمران خان کے خلاف اکٹھ کر لیا ہے لیکن اس کے باوجود عمران خان ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے ۔ آصف زردار ی اور مولانا فضل الرحمان آج کل سیاسی طو رپر بیروزگار ہیں وہ آئیں اور کسی حلقے میں عمران خان کا مقابلہ کرکے دیکھ لیں تاکہ انہیں اپنی سیاسی مقبولیت کا اندازہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں، تحریک انصاف کی صوبائی حکومتیں بڑ ھ چڑھ کر امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں، ان شا اللہ تحریک انصاف وفاق میں حکومت بنا کر سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا کرے گی ۔