کلائی پر شناختی

بھولنے کی عادت میں مبتلا نوجوان نے کلائی پر شناختی کارڈ بنوالیا

ویت نام: اپنا شناختی کارڈ نمبر بھول جانے کی عادت میں مبتلا نوجوان نے تصویر سمیت پورا شناختی کارڈ ہی اپنے بازو پر ٹیٹو کے ذریعے گُدوالیا۔

ویت نام کے اس نوجوان کو بار بار شناختی کارڈ بھول جانے کی عادت تھی، دیگر ممالک کی طرح ویت نام میں بھی سگریٹ خریدنے، شراب نوشی اور نائٹ کلب میں جانے کے لیے شناختی کارڈ کی ضرورت ہوتی ہے اسی بنا پر نوجوان نے پورا شناختی کارڈ ہی اپنے بازو کے اندرونی حصے میں ٹیٹو کی شکل میں بنوالیا ہے۔

ہوچی من سٹی کے رہائشی اس نوجوان کی تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔ وہ کئی بار اپنا شناختی کارڈ گھر بھول گیا اور نائٹ کلب میں اس کا داخلہ روک دیا گیا کیونکہ وہ خود کو قانونی طور پر 18 برس کا ثابت نہیں کرسکا تھا۔ اس کے بعد حتمی طور پر اس نے شناختی کارڈ کو بدن کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا۔

بعد ازاں وہ ایک ٹیٹو کی دکان پر گیا اور بھاری رقم کے بدلے اس نے ٹیٹو گدوالیا جو کلائی کے اندرونی حصے پر نمایاں ہے۔ اب سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔ لوگوں نے ٹیٹو پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیرمعیاری اور بدصورت قرار دیا ہے۔

ٹیٹو بنانے والے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس نے خود زندگی میں پہلی مرتبہ کسی کے جسم پر اس کا شناختی کارڈ گودا ہے جو عجیب بات ہے، مجھے نوجوان کے جسم پر یہ ٹیٹو بنانے میں ایک گھنٹہ لگا۔