ترک قونصل جنرل

ترک قونصل جنرل نے کارپٹ کی 38ویں عالمی نمائش کا افتتاح کیا

لاہور(لاہورنامہ)ترک قونصل جنرل احمر آزوبے اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا شہزاد احمد نے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 38ویں عالمی نمائش کا افتتاح کیا ۔

تین روزہ نمائش میں امریکہ ، ترکی اور یورپی یونین کے ممالک سے تعلق رکھنے والے درآمد کنندگان بڑی تعداد میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچے ہیں ۔ اس موقع پر کارپٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر، سینئر وائس چیئرمین نعیم ساجد، وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ایگزیکٹو ممبر ریاض احمد ، عثمان اشرف، سعید خان،اکبر ملک سمیت ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان بھی موجود تھے۔

نمائش میں شرکت کرنے والوں نے ڈسپلے کی گئی انتہائی اعلیٰ معیار اور دیدہ زیب ڈیزائنوں سے مزین کارپٹ کی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ ترک قونصل جنرل احمر آزوبے نے نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمی نمائش کے انعقاد سے یقینی طو رپر پاکستان کی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کوفروغ حاصل ہوگا۔

پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالین اپنے اعلیٰ معیار اور خوبصورت ڈیزائنوں کی وجہ سے پوری دنیا میں منفرد پہچان رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں کسی ملک کی مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ کا موثر ذریعہ ثابت ہو تی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا شہزاد احمد نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے جو اس صنعت کیلئے سود مند ثابت ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اوربرآمدات کے فروغ کیلئے برآمد کنندگا ن سے مل کر بھرپور اقدامات کر تی ہے ،اس کے لئے مینو فیکچررز اور برآمد کو بیرون ممالک عالمی نمائشوں میں شرکت کے بھرپور مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت اس وقت انتہائی نا مساعد حالات سے دوچار ہے اور پاکستان میں عالمی نمائش کے ذریعے اس صنعت کے فروغ کے لئے کاوش کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ قالینوں کی برآمدات میں اضافے کے لئے نہ صرف مختلف مدوں میں رعایتیں اور سہولیات دے بلکہ سرپرستی بھی کی جائے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ پاکستان برآمدات کے ذریعے قیمتی زر مبادلہ بھی حاصل کر سکے گا۔ مہمان خصوصی ترک قونصل جنرل احمر آزوبے اور ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی رانا شہزاد احمد نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور ہاتھ سے بنے قالینوں کی مصنوعات کے اعلیٰ معیار اور ڈیزائنوں کی تعریف کی ۔