لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ پر تحریک انصاف ، پی ڈی ایم اور مسلم لیگ قاف سمیت حکومتی جماعتیں بے نقاب ہو گئیں ہیں۔
سراج الحق کی اپیل پر کل مورخہ 7اکتوبر کو مسجد شہداء مال روڈ لاہور پر عظیم الشان احتجاجی مارچ منعقد کیا جائے گا ۔اس حوالے سے تیاریا ں مکمل کر لی گئیں ہیں ۔عوام بڑی تعداد میں اس مارچ میں شرکت کریں گے ۔موجودہ حکمران درحقیقت مغربی ممالک کے آلہ کار ہیں ، ان لوگوں سے نجات حاصل کر کے محب وطن قیادت کو موقع دیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ براہ راست ہمارے خاندانی کو نظام نشانہ بنانے کی سازش ہے۔ بے شرم حکمران اپنے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان غلام ابن غلام حکمرانوںسے نجات حاصل کی جائے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آیا تھا، اس میں اللہ اور اس کے رسول کا نظام حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے۔
حکمران عوام کی توجہ مہنگائی اور بے روزگاری سے ہٹانے کے لیے اس قسم کی حرکات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے کر دیے ہیں، مگر ملک میں خوشحالی نظر آتی ہے اور نہ ہی عوام کی زندگیوں میں آسودگی نظر آتی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرح موجودہ اتحادی حکومت کے پاس بھی کوئی معاشی وژن نہیں۔
مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف ،تینوں جماعتوں نے ملک کو دیوالیہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔پاکستان کے 22کروڑ عوام کومسلم لیگ نون، پیپلز پارتی اور تحریک انصاف نے ہر طرح سے مایوس کیا ہے۔ جب تک یہی چہرے اور پارٹیاں برسر اقتدار ہیں عوام کو ریلیف مل سکتا ہے، نہ ہی ملکی عزت ، وقار اور اسلامی تشخص محفوظ رہ سکتا ہے۔
عوام حقیقی معنوں میں بدحال ہو چکے ہیں او ر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت بھی پی ٹی آئی کی حکومت کا تسلسل معلوم ہوتی ہے۔ اتحادی حکومت کے پاس بھی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں۔ آئی ایم ایف کے غلاموں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔