خواجہ آصف

پنجاب اسمبلی کا بھی سلسلہ زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(لاہورنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ بیک ڈور رابطے کی خبر پروپیگنڈا ہے، شہباز شریف کو 6 سے 7 ماہ میں جو تحفے ملے وہ وہاں محفوظ ہیں.

پاکستان تحریک انصاف والے پرویز الہی کا خیال رکھیں وہ کہیں اور نہ چلے جائیں، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن نے قانونی فیصلہ سنایا ہے اور عمران خان نے اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کی اور گزشتہ روز ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا.

ہفتہ کو وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی حکومتی نمائندہ توشہ خانہ سے تحفہ نہیں لے سکتا اور سوشل میڈیا پر خبر پھیلائی گئی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات ہو رہے ہیں تو قطعا طور پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ مارچ اپریل میں الیکشن کے لیے بیک ڈور رابطے کی خبر پروپیگنڈا ہے۔

شہباز شریف کو 6 سے 7 ماہ میں جو تحفے ملے وہ وہاں محفوظ ہیں،خواجہ آصف نے کہا کہ 4 ماہ قبل وزیر اعظم نے کمیٹی بنائی جس کی ذمہ داری مجھے دی گئی تھی اور کمیٹی نے کچھ سفارشات وزیر اعظم کو بھیجی ہیں۔ قانون اور آئین کے مطابق اگلے ماہ آرمی چیف کی تعیناتی ہو گی.

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا سلسلہ زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں ہے اور جو حالات اب ہوں گے ان میں غلط بیانی کی گنجائش نہیں ہو گی۔ آئندہ دنوں میں عمران خان کی جو پوزیشن ہو گی پرویز الہی ان کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ پی ٹی آئی والوں کو پرویزالہی کا خیال کرنا چاہیے وہ کہیں اور نہ چلے جائیں اور بتا رہا ہوں پرویز الہی چھوڑ کر جانے والوں میں سب سے آگے ہوں گے.

وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی میں توڑ پھوڑ شروع ہوچکی ہے اور آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی میں جوڑ توڑ شروع ہوجائے گی تاہم ڈیڑھ 2 ماہ میں سب کچھ واضح ہوجائے گا،انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر اور آئین و قانون کے مطابق ہوں گے۔

عمران خان چاہتے تھے ہمیں ہدف بنا کر رکھیں لیکن اب عمران خان کی نااہلی ابتدا ہے۔ افراد ریڈ لائن نہیں ہو سکتے بلکہ قانونی ادارے ریڈ لائن ہیں۔ اپوزیشن کو ہدف بنانے کے لیے قانون سازی کر کے شقیں نکالی گئیں،خواجہ آصف نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ پاکستان گرے لسٹ سے نکل چکا ہے جس کریڈٹ پاک فوج کو جاتا ہے۔ پاکستان پر اب کوئی پابندی نہیں لگے گی۔