سنگاپور(لاہورنامہ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے فیس بک پر مواد تخلیق کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، انہوں نے سنگاپور میں میٹا کے ایشیا پیسفک ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سنگا پور میں میٹا کے ایشیا پیسفک ہیڈ کوارٹر سے ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ویڈیو میں بلاول نے کہا کہ میں میٹا کا دورہ کرنے پر بہت خوش ہوں اور میٹا کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جو میری میزبانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میٹا نے پاکستانیوں کے لیے بھی اسٹار مونیٹائزیشن کا فیچر شروع کردیا ہے جس کے بعد فیس بک پر مواد تخلیق کرنے والے افراد پیسہ کما سکیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ میں میٹا کا شکر گزار ہوں جو پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور پاکستانیوں کو مواقع فراہم کر رہا ہے، میٹا نوجوانوں کی تعلیم اور خواتین کے آن لائن کاروبار کے فروغ میں مدد دے رہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ میٹا پہلے بھی کووڈ 19اور سیلاب کے مواقعوں پر پاکستان کے ساتھ کام کرتا رہا ہے اور امید ہے کہ یہ اشتراک جاری رہے گا۔