لاہور(لاہورنامہ)ترجمان وزیراعلی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت میں ملک مسلسل تنزلی کی طرف سفر کر رہا ہے،گزشتہ چند ماہ میں لاکھوں لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں اورخوراک کے بحران کا خطرہ ہے.
ہم عوام کو مزید مشکلات کا شکار ہوتے نہیں دیکھ سکتے،فوری الیکشن ہی معاشی و سیاسی استحکام کا ضامن ہیں ۔ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ انٹرن شپ پر لگائے گئے وزیر خارجہ سیر سپاٹوں پر عوام کے پیسے خرچ نہ کریں،نااہل وزرا ء بچہ کھچا خزانہ اپنی عیاشیوں اور ناکام دوروں پر خرچ کر رہے ہیں،چند روز میں حکومت کے اتحادیوں کا شیرازہ بکھرتا نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ” الیکشن کرائو ملک بچائو ” ریلیوں میں بھرپور شرکت کر کے امپورٹڈ حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔ان شا اللہ17 دسمبر بروز ہفتہ پاکستان تحریک انصاف لبرٹی چوک پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔عمران خان بذریعہ ویڈیو لنک کارکنان کو اہم سیاسی لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔