لاہور (لاہورنامہ) پاکستان ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن اور نرسنگ سٹاف لاہور جنرل ہسپتال وپنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے زیر اہتمام مسیحی ملازمین کے مذہبی تہوار کرسمس کی خوشی میں شاندار تقریب کا انعقاد ہوا.
جس میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنز پروفیسر خالد محمود، پروفیسر غیا ث النبی طیب، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم ، صدر ایسوسی ایشن رانا پرویز،پاسٹر سالک جان برکت آفتاب وارث، سسٹر کوثرطاہر،شیریں چمن، مریم بشیر، مجید راج اور شہزاد روشن،امانت رضا سمیت ڈاکٹر،نرسز و پیرا میڈیکس کی بڑی تعداد موجود تھی.
جبکہ اس موقع پر 300پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا،تحائف اور پھولوں کا تبادلہ ہوا اور ایک دوسرے کو کرسمس کے تہوار کی مبارکباد پیش کی گئی،مسیحی بھائی خوشی سے نہال تھے اور انہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر اورپروفیسر خالد محمود نے کہا کہ تمام مذاہب اور آسمانی کتابوں میں نسل انسانی کی توقیر اور دکھی انسانیت کی خدمت پر زور دیا گیا ہے اور اس معاملے میں حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات اور مسیحی برادری کاکردار بہت شاندار ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں صحت اور تعلیم کے میدان میں مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے قابل قدر خدمات سر انجام دے کر نا م پیدا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت اور 1965کی پاک بھارت جنگ میں اپنے دیگر ہم وطنوں کے ہمراہ مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے فوجی سپوتوں نے مادر وطن کے تحفظ کی خاطر بے لوث قربانیاں دیں جبکہ میڈیکل پروفیشن میں نرسنگ کے شعبے میں مسیحی کمیونٹی دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش نظر آتی ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ امن و آشتی کا پیغام لائے اور بطور مسلمان ہمارے لیے بھی تمام انبیا ء ا کرام انتہائی محترم ہیں جو دین اسلام کی تعلیمات کے ہی داعی تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ ہم سب انبیا ء اکرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں عدم برداشت ، ناانصافی اور تشدد کا خاتمہ کر کے اپنے ملک کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں جس سے معاشی نا ہمواریوں کا خاتمہ ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری سمیت پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ایک گلدستے کی مانند ہیں جو اپنے مسلمان بھائیوں سے مل کر ہی ایک قوم بنتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو بلا رنگ و نسل بنیادی حقوق حاصل ہیں اوراس امر میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے مسیحی بھائی ملک کی ترقی وخوشحالی کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں،اسی طرح زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں مسیحی برادری کی نمائندگی شامل نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنز اور ایل جی ایچ میں کرسمس کے موقع پر ہر سال تقریب کے انعقاد کا مقصد مسیحی برادری کی خدمات کا عملی اعتراف ہے جووہ ملک وقوم کے لئے سر انجام دے رہے ہیں۔
ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر خالد بن اسلم اور صدر ہیلتھ سپورٹ سٹاف ایسوسی ایشن رانا پرویز کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات اور وبائی امراض میں بھی مسیحی ملازمین نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بالخصوص کورونا وبا کے دوران میں دیگر سٹاف کے شانہ بشانہ فرائض سر انجام دیے اور اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور انہیں ترقی کے مواقع اور اپنے مذہبی عقائد کے مطابق زندگی گزارنے بسر کرنے کی مکمل آزادی ہے۔آفتاب وارث اور پاسٹر سالک جان برکت نے بھی اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ25دسمبر کو مسیحی برادری حضرت عیسیٰ ؑکا یوم ولادت جو ش و جذبے کے ساتھ مناتی ہے جبکہ اُن کی خوشیوں میں پاکستان کے دیگر شہری میں شریک ہوتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کرسچن کمیونٹی نے روائتی مذہبی گیت گنگنا ئے اور نئے سال کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے دعائیں کی کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کی حفاظت فرمائے،ملک کو وبائی امراض سے محفوظ رکھے اور ترقی و خوشحالی کے سفر میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنے کی توفیق دے۔ اس موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔