اسلام آباد(لاہورنامہ)اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کے تینوں اتحادی آمنے سامنے آگئے ۔ ڈاکٹرعبد القدیر خان ، بے نظیر بھٹو اور لیاقت علی خان کے تین ناموں پر حکومتی جماعتیں متحرک ہوگئی ہیں ۔
وفاقی حکومت کی 3اتحادی جماعتوں نے اسلام آباد ایئرپورٹ کے لئے الگ الگ ناموں کی تجاویز دی ہیں۔ پیپلزپارٹی ایئرپورٹ کو سابق وزیراعظم بینظیربھٹو کے نام سے موسوم کرنے کی خواہشمند ہے تو (ن )لیگ کے ارکان چاہتے ہیں کہ دارالحکومت کا ایئرپورٹ پاکستان میں ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹرعبد القدیرخان کے نام پرہو۔
ایم کیوایم کی جانب سے ایئرپورٹ کا نام لیاقت علی خان رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے ایئرپورٹ کو بے نظیربھٹو کے نام سے منسوب کرنے کا معاملہ معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔