لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ امید ہے الیکشن کمیشن شریف اور زرداری کے فرنٹ مین کی بجائے بہتر نام کا انتخاب کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ آرٹیکل 224-Aکے مطابق الیکشن کمیشن دو دن کے اندر ان چار ناموں میں سے کسی ایک کو وزیر اعلی نامزد کرے گا جو پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے کمیشن کو بھیجے جائینگے، کمیشن اپنی طرف سے نام نہیں دے سکتا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف ممبران اسمبلی کے استعفوں کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، تمام اراکین نے استعفیٰ ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار کرنے کیلئے دیا تھا وہ منزل اب قریب ہے، اس وقت 64فیصد نشستیں خالی ہو چکی ہیں.
پنجاب اورخیبرپختونخوا میں عام انتخابات کا ڈھول بج چکا ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مرکز سندھ اور بلوچستان میں انتخابات چند ہفتوں کی دوری پر ہیں، عام انتخابات پاکستان کے بحران کا واحد حل ہیں، سیاسی استحکام کے بغیر آئی ایم ایف پروگرام میں جانا تباہ کن ہو گا، ایسا کیا گیا تو سیاسی عدم استحکام بڑھے گا اور صورتحال خراب ہوگی، عوام میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔