لاہور (لاہورنامہ) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مسلسل غیر حاضری، کام چوری کی بنا پر 450ملازمین کو سروس سے فارغ کر دیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق 328ان سورس ورکرز کی پکی چھٹی جبکہ 122 ریگولر ملازمین کو واپس ایم سی ایل بھیج دیا گیا۔اس حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ام سی علی عنان قمر نے کہا کہ لاہور شہر کی صفائی کے معاملے میں لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، ایل ڈبلیو ایم سی کا تمام نظام ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے۔
ورکرز کی فیلڈ میں حاضری، گاڑیوں کے ورکشاپ آنے جانے کے اوقات کو جدید آن لائن ایپلیکیشنز کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ورکشاپس میں سٹاک کے ڈیجیٹل اندراج کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ تمام ورکشاپس کی مانیٹرنگ جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے۔ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سخت کرنے سے ورکرز کی حاضری اور آپریشنل ورکنگ میں خاطر خواہ بہتری نظر آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 3مہینوں میں اب تک 750ملازمین کو کام چوری، بغیر اطلاع لمبی چھٹی کرنے پر سروس سے فارغ کیا گیا۔ کمپنی پالیسی کے مطابق بغیر اطلاع 30 دن مسلسل غیر حاضری کی بنا پر سروس سے فارغ کر دیا جائے گا۔ بہترین سروس ڈلیوری 100فی صد حاضری سے ہی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔