لاہور(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد امپورٹڈ ٹولے کی سیاست کا سکہ چل سکا ہے نہ ان سے ملک چل رہا ہے.
یہ عمران خان کو جتنا دیوار سے لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کی عوامی مقبولیت میں اتناہی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجودآج بھی تحریک انصاف کے رہنمائوں کی پیشیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہباز گل پر جو بدترین تشدد کیا گیا وہ آج تک اس کے منفی اثرات سے باہر نہیں نکل پائے .
فواد چوہدری اور ان کی فیملی کو بھی بدترین اذیت پہنچائی گئی ،عوام نے فسطائیت کی آج تک ایسی مثال نہیں دیکھی،جس سکھا شاہی کا ذکر عوام نے کتابوں میں پڑھا تھا وہ آج کے دور میں نمودار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ،اعظم سواتی ،شہباز گل ، صحافیوں پر ڈھائے گئے بد ترین مظالم نے عوام کا خوف ختم کر دیا ہے .
زبانیں بند کرانے کا تمہارا بھونڈا اورآخری حربہ بھی بری طرح پٹ چکا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں اگر امپورٹڈ حکومت کو زبردستی طوالت دی گئی تو خدانخواستہ ملک چلنے کے قابل نہیں رہے گا ۔ان شا اللہ انتخابات میں عوام دونوں خاندانوں کی سیاسی نحوست سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔