آکسفورڈ پاکستان

آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے ڈاکٹر طلحہ پیر زادہ کا سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ

سرگودھا (لاہورنامہ) آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے شریک بانی ڈاکٹر طلحہ پیر زادہ نے سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ کیا جس کا مقصد آکسفورڈ یو نیورسٹی کے آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے سلسلہ میں سرگودھا یونیورسٹی کے ساتھ باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔

اس ضمن میں سرگودھا یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر یاسر نواز منج، ڈپٹی ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ڈاکٹر انجم مرتضیٰ، پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حارث سمیت سرگودھا یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے عہدے دار نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر یاسر نواز منج نے سرگودھا یونیورسٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی پاکستان کی بہترین جامعات میں سے ایک ہے جو اپنے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے.

انہوں نے بتایا کہ سرگودھا یونیورسٹی معروف بین الاقوامی جامعات اور اداروں کے ساتھ باہمی معاہدات کے تحت مل کر کام کر رہی ہے جبکہ آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے ساتھ اشتراک کرنا سرگودھا یونیورسٹی کیلئے باعث فخر امر ہوگا۔ ڈاکٹر طلحہ پیر زادہ نے آکسفورڈ پاکستان پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو پاکستانی سکالرز اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستان سے متعلقہ سرگرمیوں کیلئے معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے اس پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت پاکستانی سکالرز کو سکالرشپس کی فراہمی، سکالرز کے باہمی تبادلہ کے ذریعے پاکستانی و برطانوی اکڈیمک کمیونٹی کے درمیان روابط کو فروغ دینا اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ نہ صرف آکسفورڈ یونیورسٹی سکالرشپس بلکہ دیگر بین الاقوامی جامعات کی سکالرشپس کیلئے بھی طلبہ کی تیاری کرائی جائے تاکہ وہ تعلیم کے اعلیٰ مواقعوں سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مستقبل قریب میں سرگودھا یونیورسٹی اور آکسفورڈ پاکستان پروگرام کے درمیان تعاون کو عملی شکل دی جائے گی۔