مشکل اہداف کی جستجو

چینی نوجوانوں کو اپنے لئے مشکل اہداف کی جستجو کرنی چاہئے، شی جن پھنگ

بیجنگ (لاہورنامہ) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری ، صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے حال ہی میں چائنا زرعی یونیورسٹی کے تجرباتی اسٹیشن کے طلبا کے خط کا جواب دیا اور چین میں نوجوانوں کے دن کے موقع پر ملک بھر کے تمام نوجوانوں کو مبارک باد دی۔

شی جن پھنگ نے اس بات پرزور دیا کہ آپ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ صرف دیہی علاقوں میں جاکر ہم قومی حالات اور عوام کی خواہشات گہرائی کے ساتھ سمجھ سکتے ہیں اور نوجوانوں کو اپنے لئے مشکل اہداف کی جستجو کرنی چاہئے،یہ بالکل درست ہے۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ نئے دور میں چینی نوجوانوں میں یہی جذبہ ہونا چاہیے۔ سی پی سی کی 20 ویں قومی کانگریس نے ایک زرعی طاقت کی تعمیر کے لئے منصوبہ بنایا ہے اور امید ہے کہ طلبا کلاس روم میں تدریس کو دیہی عمل سے مربوط کریں گے اور زراعت اور دیہی علاقوں کی جدیدکاری کو تیز کرنے اور ایک جدید سوشلسٹ ملک کی جامع تعمیر میں اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

یاد رہے کہ 2009 میں چائنا زرعی یونیورسٹی نے صوبہ حہ بے کی چھو چو کاؤنٹی میں ایک تجرباتی اسٹیشن قائم کیا تھا اور زراعت کےگریجویٹ طلبا کو زرعی پیداوار کی فرنٹ لائن پر بھیجا تاکہ وہ علم اور تھیوری کی بنیاد پر زراعت اور دیہی ترقی کے شعبے میں ٹھوس مسائل کو حل کر سکیں۔اب تک چائنا زرعی یونیورسٹی نے ملک بھر کی 91 کاؤنٹیوں میں 139 تجرباتی اسٹیشن قائم کیے ہیں۔