لاہور(لاہورنامہ)سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ اور ان کے خاندان کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس انوارالحق پنوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جو آج کررہے ہیں کل بھگتیں گے، یہ مکافات عمل ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس انوار الحق پنوں نے سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی اپنے اور خاندان کے افراد کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ سلمان شاہ نے خواجہ طارق رحیم اور اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی ۔
درخواست گزار کے وکلا ء نے موقف اختیار کیا کہ سابق وزیر خزانہ کی بیٹی خدیجہ شاہ نے گزشتہ روز گرفتاری دے دی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ اب ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا رکاوٹ ہے؟
جس پر وکلا ء نے کہا کہ جو اب ہو رہا ہے وہ کبھی اس ملک میں نہیں ہوا ۔جس پر جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دئیے کہ جو آج کررہے ہیں کل بھگتیں گے یہ مکافات عمل ہے۔عدالت نے سلمان شاہ اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی ۔