صمصام بخاری

گورنر پنجاب نے صمصام بخاری سے حلف لیا،وزیر اعلی ،کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام کی بھی تقریب میں شرکت

لاہور :پنجاب کے نئے وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی شاہ بخاری نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔انہیں فیاض الحسن چوہان کے مستعفی ہونے کے بعد نامزد کیا گیا تھا۔حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں منعقد کی گئی جہاںگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صمصام بخاری سے وزیر اطلاعات و ثقافت کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار و ،کابینہ کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔صمصام بخاری نے گورنمنٹ کالج لاہور سے انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا ہے۔ انہوں نے 2002سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے اپنا پہلا الیکشن لڑا لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔2008 میں انہوں نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑالیا اور کامیاب ہوئے جس کے بعد انہیں کچھ عرصہ کے لیے وزیر مملکت برائے اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں۔2015 میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ 2018 کے عام انتخابات میں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا تاہم ضمنی انتخابات میں پارٹی نے انہیںدوبارہ ٹکٹ دیا اوروہ پی پی 201ساہیوال سے کامیاب ہو کر رکن صوبائی اسمبلی بنے۔