لاہور :چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ( پیاف )نے کہا ہے کہ قائداعظم ایپرل پارک پنجاب کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ،لاہور سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر1500ایکڑسے زائد رقبے پر قائداعظم ایپریل پارک میں غیر ملکی سرمایہ کاربھی دلچسپی لے رہے ہیں ایپریل پارک کے منصوبے پر عملددرآمد سے ٹیکسٹائل سیکٹر کو فروغ ملے گا ٹیکسٹائل سیکٹر قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔
اس شعبہ کی ترقی سے بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگا ر کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہونگے ۔قائداعظم ایپرل پارک ،سپیشل اکنامکس زونز، اور انڈسٹریل اسٹیٹس سے صوبہ میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔قائداعظم ایپرل پارک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ سنٹر کے قیام کا منصوبہ خوش آئند ہے جس سے انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق لیبر کو تربیت ملے گی اور 200ایکڑ پر لیبر کالونی کے قیام سے لیبر کو انڈسٹری کے قریب ہی رہائشی سہولیات بھی دستیاب ہونگی ۔
جس سے صنعتوں کا پہیہ مسلسل رواں دواں رہے گا اور صوبہ خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے سیئنر وائس چیئرمین ناصر حمید خان اوروائس چیئرمین جاویداقبال صدیقی کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبوں میں پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے لہٰذا مزید تاخیر نہ کی جائے اور جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل کیا جائے۔ میاں نعمان کبیر نے اس تناظر میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پروجیکٹ کی جلدی تکمیل اور اس کو پر کشش بنانے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ یہاں جلد سے جلد صنعتیں لگیں صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے گا تو ملک میں خوشحالی آئے گی۔