قابل اعتماد شراکت دار

چین اور جرمنی جدید کاری کی راہ پر قابل اعتماد شراکت دار ہیں، لی چھیانگ

بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے برلن میں جرمنی کے چانسلر اولاف شولز سے ملاقات کی ہے۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور جرمنی جدید کاری کی راہ پر قابل اعتماد شراکت دار ہیں اور دونوں کو ایک دوسرے سے قریب تر تعاون کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین جرمنی کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے تاکہ دنیا میں مزید استحکام پیدا کیا جا سکے۔لی چھیانگ نے امید ظاہر کی کہ جرمنی کھلے پن اور خود ارادیت کو برقرار رکھتے ہوئے معاملات کو بین الاقوامی قوائد کی بنیاد پر معاہدوں کی روح اور اصولوں کے مطابق مناسب طریقے سے سنبھالے گا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کو افرادی قوت کے تبادلوں کو بھرپور طریقے سے بہتر اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی و ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانا چاہئے۔ لی چھیانگ نے کہا کہ چین تجویز پیش کرتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کو مستقبل کے چین جرمنی تعاون کے رہنما تصورات میں سے ایک کے طور پر لیتے ہوئے سبز ٹیکنالوجی اور صنعت میں تعاون کو فروغ دیا جائے۔

جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ جرمنی چین کی ترقی اور خوشحالی کا خیرمقدم کرتا ہے جو عالمی امن اور استحکام کے لیے سازگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کسی بھی طرح کی ڈی کپلنگ کی مخالفت کرتا ہے، اور ” ڈی رسکنگ "کا مطلب ” ڈی سینیسائیزیشن” نہیں ہے۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ جرمنی چین کے ساتھ اپنےمستحکم تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، اور دوطرفہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے، باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو گہرا کرنے اور موسمیاتی تبدیلی اور سبز ترقی کے شعبوں میں تعاون پر مزیداتفاق رائے تک پہنچنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی دو طرفہ سرمایہ کاری کی حمایت کرتا ہے اور جرمنی سرمایہ کاری کے لئے چینی کاروباری اداروں کو عمدہ ماحول فراہم کرے گا۔