پیرس (لاہورنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیواسے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیراعظم نے کہاکہ آئی ایم ایف معاہدے کی تکمیل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی ،امید ہے پاکستان کے لیے مختلف فنڈز جاری کردیئے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ائی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ۔وزیراعظم نے ملاقات میں 27 مئی کو ہونے والے ٹیلیفونک رابطہ کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم نے معاشی استحکام اور بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت نویں جائزے کیلئے تمام پیشگی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے جائزہ لینے کے جاری عمل پر اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان،وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب،وزیر مملکت برائے خزانہ اور محصولات عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد بھی موجود تھے۔