لاہور(لاہورنامہ) ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شہدائے پولیس نے ملکی سلامتی اورشہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پولیس کے تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ امن کے قیام کیلئے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فرض کی راہ میں جان قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ شہداء کے خاندانوں کی ویلفیئرکیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
انہوں نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پراپنے ایک پیغام میں کیا۔ سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ یومِ شہداء پولیس تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔یومِ شہداء پولیس منانے کا بنیادی مقصدشہداء کی قربانیوں کو خراج ِتحسین پیش کرنا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے یومِ شہداء پولیس کے موقع پر ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی۔انہوں نے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ محکمہ پولیس کیلئے کیپٹن(ر) سید احمد مبین شہید کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔
سید احمد مبین شہید کل بھی ہمارے دلوں میں زندہ تھے آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے دوسگے بھائیوں کانسٹیبلز غلام مرتضیٰ شہید اور علی رضاشہید کی قبروں پر بھی حاضری دی،قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
شہداء کے اہلخانہ سمیت اہلِ علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایس ڈی پی او وایس ایچ او باغبانپورہ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ موجود تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے شہداء کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ لاہور پولیس کا ہر جوان سماج دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہے۔ شہداء کی فیملیز سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔