الخدمت فاؤنڈیشن

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت "الخدمت ہسپتال گجرات” کا سنگِ بنیاد

لاہور(لاہورنامہ)الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت "الخدمت ہسپتال گجرات” کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ اس حوالے سے سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، نائب صدر محمد عبدالشکور ، نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ،آصف ہسپتال گجرات کے سی ای او ڈاکٹر محمد یوسف، بڑی تعداد میں لوگوں، مخیر حضرات، سول سوسائٹی گروپس اور الخدمت کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

یہ ہسپتال ڈھائی کنال پر محیط اپنی نوعت کا بہترین ہسپتال ہوگا۔ اس منصوبے پر تقریباً 20 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی ۔50 بیڈز پر مشتمل اس ہسپتال میں مدراینڈ چائلڈ، آئی، ڈینٹل اور او پی ڈی کی سہولیات موجود ہوں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھرمیں عوام کو صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ سب کام لوگوں کی فلاح و بہبود اور اللہ کی رضا کے لیے کر رہے ہیں۔

پروفیسرڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت ایک سال میں ایک کروڑ سے زائد مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ محمد عبد الشکور نے کہا کہ یہ صرف ایک ہسپتال کا سنگ بنیاد نہیں ہے بلکہ نیکیاں بانٹنے کا ایک سلسلہ ہے اور عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنے اداروں میں پلاننگ اور مینجمنٹ کو مزید بہتر کر سکیں جسکے لیئے ہماری پوری ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد یوسف نے الخدمت فاؤنڈیشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات بے مثال ہیں۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔