اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ہنر سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی سے منسلک ہے.
پاکستان دنیا کی دوسری سب سے بڑی فری لانس مارکیٹ بن چکا ہے، مالیاتی لین دین کو بہتر بنانے سے ملکی معیشت کو مزید فروغ مل سکتا ہے اور اس کے نتیجہ میں ملک کے جی ڈی پی میں 2 سے 3 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے، نوجوانوں کوآئی ٹی کی تعلیم اور تکنیکی مہارت کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ طلبا کومصنوعی ذہانت سے لیس کرنا ہو گا۔
وہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ہواوے آئی سی ٹی مقابلوں 23۔ 2022 کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ تقریب میں نگراں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف، ہواوے کے مڈل ایسٹ ریجن کے صدر وانگ شون لی، سفارتکاروں، ماہرین تعلیم اور آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
صدر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو گریجویٹس کی تربیت اور انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تیار کرنے کیلئے اپنے کیمپسز میں ان کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی کیمپوں کا اہتمام کرنا چاہئے۔ انہوں نے یونیورسٹیوں پر زور دیا کہ وہ طلبا کیلئے دو سالہ انڈرگریجویٹ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کریں کیونکہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی ٹیکنالوجی کو ڈگریوں کی نہیں بلکہ مہارتوں کی طلب ہے۔
صدر مملکت نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ وقت کی اہم تقاضا بن چکا ہے، دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے فوری فیصلہ سازی کی ضرورت ہے، سیاستدانوں اور بیوروکریسی کو آئی ٹی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں.
انفارمیشن ٹیکنالوجی اب ہر شعبہ کیلئے ناگزیر ہے، ملکی ترقی کے لئے ہر شعبہ کو آئی ٹی سے منسلک کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں آئی ٹی تیزی سے ترقی کر رہی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے،آئی ٹی کے شعبہ میں خواتین کے لئے بھی مواقع پیدا کئے جائیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلز دینے اور خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں 2 کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے بھرپور اقدامات ناگزیر ہیں۔
صدر مملکت نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کمپنی ہواوے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے تقریب میں شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے ہواوے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔