نگران وفاقی وزیر محمد سمیع سعید

نگران وفاقی وزیر محمد سمیع سعید سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ)نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن ہاسین نے پیر کو ملاقات کی.

جس میں ورلڈ بینک میں پاکستان میں (آپریشنز منیجر) اور (سینئر سوشل ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ) جبکہ وزارت کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسرپی 3 اے بورڈ ملک محمد احمد خان، ممبر (انفراسٹرکچر اینڈ ریجنل کنکٹیویٹی) ڈاکٹر وقاص انور اور ممبر (سوشل سیکٹر اینڈ ڈیولیشن) رفیع اللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک اہم شراکت دار ہے جس کی دہائیوں سے جاری امداد کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت اور عزم کو بھی سراہا۔ سمیع سعید نے ملک کی اقتصادی بحالی کے لئے حکومت کی کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کی معیشت کو پائیدار راہ پر گامزن کرنے کے لئے بھرپور محنت کر رہی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں کلائمیٹ ریزیلئنٹ انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھتے ہوے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال ملک کے بیشتر حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو بدترین تباہی کا سامنا کرنا پڑا، 33 ملین افراد متاثر ہوئے اور 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا جس کے نتیجے میں حکومت نے آر ایف فور فریم ورک تیار کیا۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے زیادہ تر منصوبے صوبوں کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں جن کی پہلے ہی سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اور قومی اقتصادی کونسل کی ایکنک ایگزیکٹو کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔

ملاقات میں ناجی بن ہاسین نے وزارت منصوبہ بندی کی سہولت کاری اور فعال کردار کو سراہا جس نے مختلف منصوبوں کے پی سی۔ون کی فوری منظوری کے لئے گرین چینل قائم کیا۔ انہوں نے عبوری حکومت کی ترقیاتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی خاص طور پر موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر کے نفاذ، انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت، روزگار، پانی، زراعت اور توانائی کی ترقی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔