بیجنگ (لاہورنامہ)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کویت کے ولی عہد مشعل الاحمد الصباح سے ملاقات کی جو 19 ویں ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے چین آئے ہیں۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ وہ ہانگ چو ایشین گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے چین آنے پر کویتی ولی عہد کو خوش آمدید کہتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ کویتی کھلاڑی موجودہ ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی دکھائیں۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ کویت پہلا خلیجی عرب ملک ہے جس نے چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں اور مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک ہے جس نے "بیلٹ اینڈ روڈ” انیشی ایٹو پر چین کے ساتھ تعاون کی دستاویزات پر دستخط کیے ہیں۔
سفارتی تعلقات کے قیام کے گزشتہ باون سالوں میں چین کویت تعلقات نے تمام شعبوں میں بہت ترقی کی ہے اور تعاون کے وافر ثمرات سامنے آئے ہیں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ وہ چین کویت تعلقات کی ترقی کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور ولی عہد کے ساتھ مل کر چین کویت تعلقات کو نئی بلندی تک لے جانے کے لئے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔