لاہور ( لاہورنامہ)چین کے 74 ویں قومی دن کے حوالے سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر اور چین کے قائمقام قونصل جنرل چائو کی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے آغاز پر دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے اور قوم ترانے بجائے گئے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی حکومت اور عوام کی طرف سے چین کی قیادت اور عوام کو ان کے قومی دن کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ قائم ہے۔
چین پاکستان کا ایک مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے دو سال بعد آزاد ہوا اور محنت کی بدولت وہ آج دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے جبکہ ہم ابھی بہت پیچھے ہیں۔ ہمیں سخت محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انشاء اللہ ضروری معاشی مشکلات سے نکلے گا اور ایک خوشحال ملک بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کے وفد نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا ہے جس سے دوطرفہ معاشی تعاون مزید فروغ پائے گا۔ صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زراعت کے شعبہ کی ترقی کے لئے چین کی زرعی تحقیق اور مہارت سے فائدہ اٹھائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی جس کا کریڈٹ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیانجن یونیورسٹی میں طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کیا جارہا ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہوںگے۔ چین کے قائمقام قونصل جنرل چائو کی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے قومی دن کے موقع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر محکمہ صنعت وتجارت اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط اقتصادی تعلقات قائم ہیں جو ہر گزرتے لمحے بہتر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے طلبا وطالبات کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے پاک چین دوستی پر مصوری کے مقابلے کا اہتمام کرکے آپ کی صلاحیتوں کا اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم مہیا کیا ہے۔
سیکرٹری صنعت وتجار ت احسان بھٹہ نے اپنے تقریر میں چین کے قائمقام قونصل جنرل سے پنجاب تیانجن یونیورسٹی کے ساتھ ایم او یو بحال کرنے کی درخواست کی تاکہ چینی اساتذہ یہاں آکر طلبہ کو پڑھا سکیں۔ انہوں نے چین کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری،شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔
تقریب میں سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن، ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عاصم جاوید، سی ای او پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی شاہد قادر، وائس چانسلر پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی عبدالستار، مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو یادگاری سوینئردیئے گئے اور چین کے قومی دن کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔