پیشہ ور مہارت کے افراد, صدر علوی

برین ڈرین کو روکنے کیلئے پیشہ ور مہارت کے افراد کی ضرورت ہے، صدر علوی

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں ڈاکٹروں ،نرسوں سمیت ہنر مند افراد کی ضروریات پوری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں برین ڈرین کو روکنے کے لئے موثر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

وہ فائونڈیشن یونیورسٹی سکول آف ہیلتھ سائنسز کے شعبہ ڈینٹسٹ اور نرسنگ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنا اور کام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرکے پڑھے لکھے اور ہنر مند افراد کی بیرون ممالک جانے کی تعداد میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

صدر علوی نے کہا کہ ملک نے اپنے وسائل ڈاکٹروں، انجینئرز اور دیگر پیشہ ورافراد پر لگائے، تاہم ہنر مند انسانی سرمائے سے اس طرح استفادہ نہیں کر پائے جس کے ے معیشت اور ترقیاتی نمو پر منفی اثر پڑتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند ڈاکٹروں کی بیرون ملک ملازمت کی ضرورت کو کم کرنے کا موثر طریقہ یہ ہے کہ ان کے لیے ملک کے اندر روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو صحت کی خدمات کے شعبے میں ضروریات سے نمٹنے کے لیے 9 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے لیکن اس وقت ہمارے پاس نرسوں کی تعداد 3 لاکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایس سی (فیکلٹی آف سائنسز) پری میڈیکل کے صرف نو فیصد طلبا کو پاکستان کے میڈیکل کالجوں میں داخلہ ملا، جبکہ 25 فیصد اعداد و شمار ہمارے خطے کے ممالک کے ہیں۔

اس صورتحال کو ایک حکمت عملی کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ تعداد میں طلبا کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے مزید ادارے قائم کیے جائیں۔ صدر مملکت نے نشاندہی کی کہ وہ خواتین ڈاکٹر جنہوں نے اپنی فیملی کی زندگیوں میں توازن پیدا کرنے کی جدوجہد میں اپنے شعبوں کو خیرباد کہہ دیا وہ ملک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے پیشوں سے دور نہ ہوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ڈاکٹروں کے لیے کام کی جگہوں پر ہراساں کیے جانے سے پاک ماحول پیدا کرنا اور ان کی زچگی کے دوران چھٹی کے بعد پروڈیکٹویٹی میں ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔

صدر مملکت نے میڈیکل گریجویٹس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے ہمدردی اور مہربانی کی اقدار کو اپنائیں۔ انہوں نے لوگوں کو متعدی بیماریوں اور منہ کی صفائی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے علاج معالجے کی بجائے روک تھام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

فانڈیشن یونیورسٹی سکول آف ہیلتھ سائنسز کے ڈائریکٹر میجر جنرل (ر) عمران فضل نے کہا کہ ادارہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبا کو بہترین معیار کی دانتوں کی تعلیم فراہم کر رہا ہے جس میں مریضوں کی دیکھ بھال اور انتظام کے تمام پہلوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ بہترین تعلیم فراہم کر رہا ہے اور اعلی معیار کے گریجویٹ پیدا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے گریجویٹس میں میڈلز اور میرٹ سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔