بیجنگ (لاہورنامہ)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت معاشی ترقی کیلئے کاروبار دوست اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین ایسٹ سی گروپ فانگ یولانگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں بیجنگ میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر ان سے وفد کے ہمراملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے وفد کو حکومت کی کاروبار دوست پالیسوں کے بارے بتایا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت معاشی ترقی کیلئے کاروبار دوست اور سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے اور نجی شعبے کو اقتصادی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
ملاقات میں فانگ یولانگ نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ ایسٹ سی گروپ گوادر فری زون میں ریفائنری میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ایسٹ سی گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور گوادر کو پاکستان کی معاشی ترقی اور سی پیک کا کلیدی حصہ قرار دیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست ہیں اور چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔