لاہور (لاہورنامہ)یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ کے تحت ثقافتی ورثہ کو ڈیجی ٹائزیشن کے ذریعے محفوظ کرنے کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی گئی جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے ماہرین اور ریسرچرزنے خصوصی شرکت کی۔
کانفرنس میں ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی، ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری، ڈین سکول آف آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ ڈاکٹر فریحہ، ترنجوت سنگھ (امریکہ)،ٹیڈ سٹرازمری(کینیڈا)، نیسپاک سے قاسم مرزاسمیت یو ایم ٹی طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شرکت پر شکریہ اد کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر فریحہ اور انکی ٹیم کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر آصف نے کہا کہ ثقافتی ورثہ کسی بھی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتا ہے جو کہ وہاں کے لوگوں کے رہن سہن اور تہذیب کی عکاسی کرتا ہے، لہذا ہمیں اپنے ثقافتی ورثے کو جدید تحقیق پر مبنی طریقہ کار سے محفوظ کرنا ہوگا۔ ریکٹر یو ایم ٹی کا مزید کہنا تھا کہ جو قومیں اپنی ثقافت کو بھول جاتی ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہیں۔
مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یو ایم ٹی انتظامیہ کو اہم موضوع پر کامیاب کانفرنس منعقد کروانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں پوری دنیا سے ماہرین کا اکٹھا ہونا خوش آئیند بات ہے۔
کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے حواے سے ماہرین کی تحقیق کے مطابق اقدامات کرنے ہونگے۔ ڈی جی والڈ سٹی نے مزید کہا کہ ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کے حوالے سے یو ایم ٹی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
کانفرنس میں شریک دیگر قومی اور بین الاقوامی ماہرین اور ریسرچرز نے جدید تحقیق پر مبنی مقالاجات پیش کرتے ہوئے ثقافتی ورثہ سے متعلق درپیش مسائل کا حل بھی پیش کیا اور بتایا کہ قومی وبین الاقوامی سطح کے مسائل کا حل تلاش کرنے کیلئے کانفرنس جیسے پلیٹ فارمز کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔
ڈین سکول آف آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ ڈاکٹر فریحہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یو ایم ٹی سکول آف آرکیٹیکچر اینڈ پلاننگ ملک و قوم کی خدمت کے حوالے سے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری سمیت دیگر مہمانوں کو سوینئرز بھی پیش کیے۔