بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے جی 20 رہنماؤں کے ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب کیا۔
جمعرات کے روز چینی نشریاتی ادارے کے مطابق لی چھیانگ نے کہا کہ عالمی معاشی بحالی کا موجودہ راستہ اب بھی مشکل ہے۔ ہمیں ترقی کو ترجیح اور ترقیاتی تعاون کو اہمیت دیتے ہوئے ترقیاتی امور کو سیاسی رنگ دینے کی مخالفت کرنی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی سمٹ میں طے پانے والے اتفاق رائے پر عمل درآمد کے لیے مزید عملی اقدامات اور ٹھوس نتائج حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا ضروری ہے نیز قریبی تعاون کرتے ہوئے عالمی تجارتی تنظیم اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی اصلاحات میں ترقی پذیر ممالک کے خدشات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین عالمی معاشی بحالی اور عالمی ترقی و خوشحالی کےلیے مزید زیادہ خدمات سرانجام دینے کے لیے کھلے اور جامع انداز میں تمام فریقوں کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
اجلاس میں جی 20 رکن ممالک کے رہنماؤں، مہمان ممالک کے رہنماؤں اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔