صنعتی و تجارتی شعبہ

غیر ملکی سرمایہ کاری سے صنعتی و تجارتی شعبہ ترقی کرے گی،میاں خرم الیاس

لاہور(لاہورنامہ ) صنعتکار رہنماچیئرمین ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہور میاں خرم الیاس نے وفاقی کابینہ کی طرف سے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کیلئے 7مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کویت کی10ارب ڈالر زکی سرمایہ کاری سے ملکی صنعتی و تجارتی شعبہ ترقی کرے گا۔

خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی کوششوں کے نتیجہ میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے 7منصوبوں میں 10ارب ڈالرز کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے ہی معاشی استحکام آئے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے نئی انڈسٹریز کا قیام عمل میں آئے گا جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ سے حکومتی برآمدی اہداف پور ے ہونگے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک کو معاشی بحران سے نجات ملے گی اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے حکومت بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات ٹریڈ آفیسر ز کو فعال بنائیں تاکہ وہ بیرون ملک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کریں۔غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے ملکی معیشت مضبوط ہونے کے ساتھ حکومت کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی.

انہوں نے کہا کہ وون ونڈو آپریشن کی سہولت، خصوصی سہولت کونسل برائے سرمایہ کاری سے غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی۔میاں خرم الیاس نے کہا کہ معاشی بحالی کیلئے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی حیثیت رکھتی ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں اور خواتین کو روگار ملے گاترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔