سرگودھا (لاہورنامہ)صنعت کے شعبہ میں تعاون اور طلبہ کو مختلف مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹی آف سرگودھا کا بیجنگ این شینگ یونیورسل ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ اور یونگ ٹائی آٹومیشن انجینئرنگ (شینڈونگ) کمپنی کے ساتھ باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف سرگودھا ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام کے ذریعے ہر سال ہونہار طلبہ کی مخصوص تعداد کو چین بھیجے گی جہاں چینی فریقین طلبہ کو پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی تربیت کے ساتھ ساتھ ملازمت کے مواقع فراہم کریں گے۔
معاہدے پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، جنرل منیجر بیجنگ این شینگ یونیورسل ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ مینوئل لیو اور جنرل منیجر یونگ ٹائی آٹومیشن انجینئرنگ(شینڈونگ) کمپنی لی لیانگ لیاگ نے دستخط کیے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجزپروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی،ڈائریکٹر نون بزنس سکول پروفیسر ڈاکٹر غلام علی بھٹی، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹراحمد رضا بلال، انچارج وحید وائیں انکیوبیشن سنٹر سلمان پراچہ سمیت یونیورسٹی کے مختلف عہدے داران و فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے باہمی تعاون کے معاہدے کوخوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد تعلیم اور کاروباری صنعتوں کے درمیان تیزی سے بڑھتے ہوئے فاصلے کو کم کرنا اور کاروباری منڈی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے تاکہ طلبہ کو جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے اور عالمی سطح پر رسائی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ متنوع نقطہ نظر اور بین الثقافتی تعلیمی ماحول سے استفادہ کیا جا سکے۔