لاہور(لاہورنامہ)پاکستانی نژاد برطانوی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے لاہور جیم خانہ میں منعقدہ اپنے سولو کنسرٹ میں شاندار گیت ، غزل اور انگلش سونگز پیش کر کے دھوم مچادی۔
چار گھنٹے جاری رہنے والے کنسرٹ میں جم خانہ کے ممبران جھومتے رہے اور اپنی پسند کے سدابہار گیت اور مقبول غزلیں فرمائش کر کے سنتے رہے۔اس موقع پر چیئرمین جم خانہ میاں مصباح نے عمدہ پرفارمنس پر اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کو خوشبوؤں کے تحائف پیش کئے۔
سائرہ پیٹر کا کہنا تھا کہ جب بھی لندن سے پاکستان آتی ہوں تو بے پناہ پیار اور موسیقی کے دیوانوں کی محبتیں سمیٹ کر جاتی ہوں۔جم خانہ لاہورکے ممبران موسیقی کو سمجھتے ہیں اور پھر ان کی فرمائشوں سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کی نظریں پاکستانی کلاسیکی موسیقی پر بہت گہری ہیں۔
سائرہ پیٹر کو سب سے زیادہ داد فیض احمد فیض کے کلام ہم دیکھیں گے ، ہونٹوں پر کھبی میرا نام ہی آئے،اور کلاسیکل نظم ابھی تو میں جوان ہوں، گانے پر ملی۔کنسرٹ کے بعد چئیرمین جم خانہ کی جانب سے سائرہ پیٹر کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔یوں مختلف زبانوں کے گیتوں سے سجی یاد گار محفل رات گئے اختتام پذیر ہوئی۔