حیدرآباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے کے ساتھ ایک خوبصورت تصویر شئیر کی ہے جس میں ثانیا نے ممتا کے بھرپور جذبے کا اظہار کرتے ہوئے اذہان کے گرد بانہیں حمائل کر رکھی ہیں اور اذہان اپنی معصومانہ ادا کے ساتھ کیمرے کی جانب ایسے دیکھ رہا ہے کہ بے ساختہ پیار کرنے کو جی چاہتا ہے۔
شعیب اور ثانیہ کا بیٹا اذہان تقریبا 3 ماہ کا ہو گیا ہے جبکہ کچھ ماہ قبل ثانیہ نے اپنی 32ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر شئیر کی گئی تصاویر میں ثانیہ کچھ زیادہ ہی صحتمند دکھائی دے رہی تھیں جس پر ان کے مداحوں نے انھیں وزن کم کرنے کی ترغیب بھی دی تھی۔ اب اذہان کے ساتھ تازہ تصویر میں جہاں ثانیہ ممتا کے جذبے سے نہال دکھائی دے رہی ہیں وہیں کافی سمارٹ بھی نظر آ رہی ہیں جس پر وہ مختصر عرصے میں کافی وزن کم کرنے پر خوب داد بھی سمیٹ رہی ہیں۔
ثانیہ مرزا نے تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا ہے کہ ”میں نے محبت کی خالص قسم کو اپنے بیٹے اذہان سے جانا ہے، اسے کیمرہ اور ٹی وی بہت پسند ہے، ہم نے ابھی ابھی بابا (شعیب ملک) کو جیتتے ہوئے دیکھا ہے”۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی نے کرکٹ ٹیم کپتان سرفراز احمد پر نسل پرستانہ جملہ کہنے پر چار میچز کی پابندی عائد کر دی تھی، حالانکہ انھوں نے جنوبی افریقی کھلاڑی سے معافی مانگی اور دونوں میں معاملہ خوش اسلوبی سے طے بھی پا گیا تھا۔ تاہم پی سی بی نے شعیب ملک کو شاہینوں کی قیادت سونپی اورانھوں نے بطور کپتان شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو چوتھے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔