اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی اٹھارہویں ترمیم رول بیک کرنے کا نہیں کہا ، نہ ہی اٹھارہویں ترمیم میں کابینہ اجلاس میں کبھی بات ہوئی ، فی الحال اٹھارہویں ترمیم میںتبدیلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے ، حکومت نیب کے معاملات میں مداخلت نہیں کررہی اور نہ ہی نواز شریف ، زرداری کیسز میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے ، فوجی عدالتوں سے متعلق اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں ، ان خیالات کا اظہار بیرسٹر فروغ نسیم نے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وزارت داخلہ عدالت سے رجوع کرے گی کیونکہ حکومت کا موقف ہے کہ کسی سطح پر کرپشن نہیں ہونی چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ فوجی عدالتوں سے متعلق اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں جلد مفاہمت ہوجائے گی وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی اٹھارہویں ترمیم رول بیک کرنے کا نہیں کہا اور نہ ہی کبھی اٹھارہویں ترمیم پر کابینہ اجلاس میں کوئی بات ہوئی ہے اٹھارہویں ترمیم میں بعض چیزوں پر بحث کی ضرورت ہے لیکن فی الحال اٹھارہویں ترمیم میںتبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں ہے آئین میں جب ترمیم کی ضرورت ہوتی ہے تو وقت کے مطابق کی جاتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نیب کے معاملے میں مداخلت نہیں کررہی ہے اور نہ ہی نواز شریف زرداری کیسز میں حکومت نے کوئی مداخلت کی ہے وفاقی حکومت نیب قانون کے حوالے سے ترامیم جلد سامنے لائے گی اور پلی بارگین کے قانون میں بھی جلد پیش رفت کرینگے اس کے علاوہ بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ہمارے لئے اللہ کا قانون بنیادی قانون کی حیثیت رکھتا ہے قانون کی تعلیم کیلئے زبان پرعبور ہونا اہمیت کا حامل ہے قانون کی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ قانون ہرشعبہ زندگی پر اثر انداز ہوتاہے اس کے علاوہ ہمیں دنیا میں ہونے والی قانون سازی سے متعلق معلومات رکھنا ہونگی