لاہور:ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب سید اعجاز حسین شاہ کی گریڈ 22میں ترقی ،نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ سینئر پولیس آفیسر سید اعجاز حسین شاہ کا تعلق 14ویں کامن سے ہے، سیداعجاز حسین شاہ پی ایچ ڈی اسکالر ہیں جن کا شمار پنجاب پولیس کے ذہین اور محنتی افسران میں ہوتا ہے۔انہوں نے پینی سلوینیا یونی ورسٹی،امریکا سے فل برائٹ اسکالرشپ پر کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔
وہ گزشتہ دو سال سے پنجاب میں ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔وہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنی سروس کاآغاز بطور اے ایس پی 1986 میں کیا اور انہوں نے دوران سروس کے پی کے اور اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور ، ساہیوال ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد اور ملتان میں اپنے فرائض سر انجام دیئے ۔ وہ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ، جوائنٹ ڈائریکٹر سول سروسز اکیڈمی کے علاوہ موٹروے پولیس میں بھی تعینات رہے۔2010 میں ڈی آئی جی کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہوں نے سی ٹی ڈی پنجاب ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اسلام آباداورنیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں بھی ذمہ داریاں سر انجام دیں۔
2017 میں انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر ترقی حاصل کی جس کے بعد وہ ایڈیشنل آئی جی ڈسپلن اینڈ انسپکشن تعینات ہوئے جبکہ اکتوبر 2018 میں انہیں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے عہدے پر تعینات کیا گیا ۔ اب انہیں گریڈ 22میں ترقی دیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیاہے۔