پاکستان میں

پاکستان میں مہنگائی 5 سال کی بلند ترین شرح پر پہنچ گئی،رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین شرح کو پہنچ گئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان شماریات بیورو مہنگائی کے ماہانہ اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔

پاکستان شماریات بیورو کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2018ء کی نسبت مارچ 2019ء میں مہنگائی 9.41 فیصد بڑھی۔ جبکہ اپریل 2014ء میں مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 9.1 فیصد تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا مارچ مہنگائی 6.7 فیصد بڑھی جبکہ فروری کی نسبت مارچ میں مہنگائی 1.42 فیصد بڑھی۔

اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2019ء میں 2018ء کی نسبت ٹماٹر 315 فیصد، سبز مرچ 151 فیصد، مٹر 54 فیصد مہنگے اور کھیرے 45 فیصد مہنگے ہوئے۔

اس کے علاوہ اندرون شہر بسوں کے کرائے 47 فیصد مہنگے ہوئے۔ سی این جی کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔ مارچ 2019ء میں 2018ء کی نسبت ڈیزل اور گھریلو سلنڈر 14 فیصد مہنگے ہوئے۔ اشیائے خورونوش کی بات کی جائے تو دال مونگ 22، چینی 18 اور گوشت 13 فیصد مہنگا ہوا۔

تاہم دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حکومت کے پہلے 6 ماہ میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومتوں کی نسبت مہنگائی کی شرح کم ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں مہنگائی ضرور ہے لیکن مہنگائی کی شرح 2008ء میں پیپلز پارٹی اور 2013ء میں ن لیگ کے پہلے چھ ماہ کی نسبت کم ہے۔